خود کو بدلیں، سال تو ہر سال بدلتا ہے۔
اگر آپ واقعی اس نئے سال کوقیمتی
اور یادگار بناناچاہتے ہیں تو پھرآج میں آپ کو محاسبہ کی دعوت دیتا ہوں۔اپنے آپ کا ، اپنے
ارادوں کا اور اپنے خیالا ت وتصورات کا محاسبہ۔آپ اگلے سال کے لیے فی الحال کچھ
نہ کریں۔آپ پچھلے سال کی پوری فلم ایک مرتبہ اپنے ذہن میں دُہرائیں اور قلم کاپی
تھام کر ذرا سنبھل کر بیٹھ جائیں کیونکہ کچھ سوالات آپ کو جھنجھوڑنے والے ہیں۔
(1)آپ نے گزشتہ سال کے آغاز پر بھی
یقینا کچھ پلاننگ کی ہوگی ، اپنی اس پلاننگ پر آپ کس قد ر عمل پیرا ہوئے؟اگر آپ
کی پلاننگ بھی وقت کی گرد میں غبار آلود ہوچکی ہے تو ایسا کیوں ہوا؟ان وجوہات کا
تعین کیجیے اور ان کو تفصیل کے ساتھ لکھ لیجیے۔
(2)سال 2022ء میں آپ نے کون سا ایسا سبق
حاصل کیا جس نے واقعی آپ کی زندگی کو متاثر کیا؟
وہ سبق یا اسباق لکھ لیجیے اور اس
کو اپنی زندگی کالازمی جز بنائیے تاکہ آپ مستقبل میں کسی بڑے نقصان سے بچ سکیں۔
(3)آپ کی سب سے بڑی حوصلہ افزائی اور
تعریف کیا تھی؟ وہ لمحہ جو آپ چاہتے ہیں کہ بار بار آپ کی زندگی میں آئے۔
حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ یہ بھی
لکھیے کہ آپ نے اس ہد ف کو حاصل کرنے کے لیے کتنی محنت کی تھی ۔اپنامعیار یہ
بنائیے کہ آئندہ آپ اس سے بڑھ کر محنت و لگن سے کام لیں گے۔
(4)آپ کا سب سے بڑا نقصان کیا تھا؟اس
نقصان نے آپ کوذہنی، جسمانی اور مالی طورپر کس قدر متاثرکیا؟
اس سوال کا جواب لکھنے کے بعد آپ
اپنے اس نقصان کی وجوہات بھی لکھیں ۔کھلے دِل سے اپنی ناکامیوں اور خامیوں کو
تسلیم کریں اور اپنی کاپی میں وضاحت کے ساتھ لکھیں کہ اگرچہ یہ میری زندگی کاایک
تلخ تجربہ تھا لیکن میں نے ایک شاندار سبق بھی حاصل کیا۔لکھیں کہ آپ نے آئندہ یہ
غلطیاں نہیں دہرانی۔
(5)آپ کی سب سے بڑی غلطی کیا تھی جس پر
آپ کو شرمندگی رہی؟
سب سے پہلے تو اس احساس پر خودکو
شاباش دیجیے ، کیونکہ یہی بہتری کی جانب پہلا قدم ہے۔یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ
آپ کوشش کررہے ہیں۔اپنی غلطیوں کی ذمہ داری خود لیجیے،اس کا الزا م دوسروں پر
کبھی نہ لگائیے ، یہی عقل مندوں کا شیوا ہے۔ا س کے ساتھ یہ عزم بھی کیجیے کہ
آئندہ ایسی غلطی نہیں دہرائیں گے۔
(6)آپ کی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کی
ترقی میں سب سے بڑی رُکاوٹ کیاپیش آئی؟
اس رُکاوٹ کے تعین کے بعد وہ
تدابیر بھی لکھیں جن کی بدولت آپ ان رکاوٹوں کو ختم کرسکتے ہیں ۔ آئندہ بھی آپ
کو ایسی رکاوٹوں کاسامناپڑسکتا ہے۔آپ کی یہ تدابیر آپ کے کام آئیں گی۔
(7)وہ کون سی چیزیں تھیں جنھوں نے آپ کا
بے تحاشا وقت ضائع کیا؟
کوشش کیجیے کہ ایسی چیزوں اور
افراد سے آئندہ دور رہیں تاکہ آپ کا وقت زیادہ سے زیادہ قیمتی ہو۔
(8)کیا آپ کااپنے خدا، انسانوں اور خاص
طورپر اپنی فیملی سے تعلق بہتر ہوا ہے یاکمزور؟
اگر ان دونوں پہلوؤں میں آپ کا
تعلق بہتر ہوا ہے تو خود کو شاباش دیجیے اور اگر کہیں کمزوری واقع ہوئی ہے توپہلی
فرصت میں اس کو ختم کرنے کی کوشش کیجیے ، کیوں کہ یہ تعلق آپ کی ترقی ، ذہنی سکون
، دِلی اطمینان اور خوشی و مسرت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
جب آپ یہ سارے جوابات لکھ لیں گے تو آپ کے سامنے اپنی خامیاں اور خوبیاں کھل کر آجائیں گی ، بس یہی وہ چیز ہے جو اس تحریر کا مدعا ہے۔یہ تمام جوابات دراصل آپ کے لیے زادِ راہ ہے ، ان کو آپ نے اپنے ذہن میں سنبھال کررکھنا ہے اور اگلے سال کے اس سفر میں
ان کا بھرپور استعمال کرنا ہے ۔
0 تبصرے