جامع اشرف کچھوچھہ شریف کا 45 واں جلسہ دستار بندی_ اور ادارہ و بانی ادارہ کا ایک مختصر تعارف.
637 واں عرس مخدوم اشرف جہانگیر سمنانی کے موقع پر 15 اگست 2023 بروز منگل خانقا اشرفیہ حسنیہ سرکار کلاں کچھوچھہ شریف میں واقع تعلیمی ادارہ جامع اشرف کا 45 واں سالانہ جلسہ دستار بندی ہے جو گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی اپنے پورے آب و تاب کے ساتھ ادارہ کے سربراہ اعلی، حضرت علامہ سید محمود اشرف اشرفی جیلانی سجادہ نشین جادہ سمنانی کی سرپرستی میں منعقد ہورہا ہے،جس میں تخصص فی الفقہ، فضیلت، عالمیت اور حفظ سے کل ملا کر 69 طلبہ کی دستار بندی ہونے والی ہے، دستار بندی کا جلسہ خانقاہ اشرفیہ حسنیہ کے کیمپس میں منعقد شدہ تقریبات و پروگرامات میں ایک اہم تقریب اور اہم پروگرام ہے، جس میں ملک کے کونے کونے سے علماء و مشائخ شرکت فرما کر فارغین کو اپنی دعاؤں سے نوازتے ہیں اور ادارہ کے سربراہ اعلی، سجادہ نشین خانقاہ، قائد ملت، حضرت علامہ سید محمود اشرف اشرفی جیلانی دعوت و تبلیغ کے مثبت رویوں کی تعلیم و تلقین فرماتے ہوئے اپنے مقدس ہاتھوں سے ان کے سروں پرافتا، فضیلت، عالمیت یا حفط و قراءت کی شکل میں عزت و عظمت کی دستار باندھ کر نم آنکھوں سے رخصت کرتے ہیں، یہ حسین اور سہانا منظر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اس کی صحیح عکاسی الفاظ اور جملوں کے ذریعے مشکل ہے.
واضح رہے کہ جامع اشرف ایک ایسا تعلیمی ادارہ ہے جو اپنے قیام کے دن سے ہی دن بہ دن ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، 45 سال سے مسلسل مذہب و ملت کی خدمت انجام دے رہا ہے، تعلیم و تعلم کے ساتھ مخدومی مشن کا فروغ اور سلسلہ اشرفیہ کی ترویج و اشاعت اس کا بنیادی مقصد اور اصل ہدف ہے، اگر تعلیم و تعلم کی بات کریں تو اس ادارہ نے سیکڑوں افراد کو تعلیم و تعلم سے آراستہ کر کے ملک و بیرون ملک کے طول و عرض میں امامت و خطابت، درس و تدریس اور دعوت و تبلیغ کے مناصب جلیلہ پر فائز کرنے کے ساتھ سیاسی و سماجی خدمات کا اہل بنایا ہے، خطباء، شعراء، مبلغین، معلمین، مدرسین، فقہاء ومفتیین کی ایسی جماعت تیار کی ہے جس کی خدمات کا اجمالی ذکر بھی کئی ضخیم رجسٹروں کو محیط ہوجائے، اور سلسلے کی اشاعت کی بات کریں تو اس میں کوئی دورائے نہیں کہ فارغین کی جماعت سلسلے کی اشاعت میں سلسلے کے مشائخ کے لیے معاون و مددگار ثابت ہوتی ہے.
جامع اشرف میں تعلیم و تعلم کے مختلف شعبہ جات شعبہ تخصص فی الفقہ، شعبہ فضیلت، شعبہ عالمیت، شعبہ مولویت، اور شعبہ حفظ وقراءت وغیرہ تو بہت پہلے سے چل رہے ہیں فی الحال جس شعبہ کا اضافہ ہوا ہے وہ ہے شعبہ ثانویہ، شعبہ ثانویہ وہ تین سالہ کورس ہے جس کا آغاز جماعت ثالثہ کے بعد سے ہوتا ہے اس کی تینوں جماعتوں کے نام اس طرح ہیں، الصف الثانوى الاول، الصف الثانوى الثانى، الصف الثانوى الثالث. اسے الفاظ میں قدرے تغیر کے ساتھ الثانوية الاولى، الثانوية الثانية، الثانوية الثالثة بھی کہتے ہیں. اس میں جامع ازہر مصر کے نصاب ثانویہ کو فالو کرنے کے ساتھ اسلوب اور منہج بھی وہی اپنایا جاتا ہے، اور عربی ٹو عربی درس کا اہتمام ہوتا ہے، درس کو مالہ و
ماعلیہ کے ساتھ ذہن نشین کرانے اورطلبہ کی تشفی و اطمینان کے لیے حسب ضرورت اردو زبان سے بھی مدد لی جاتی ہے، اس شعبے کو قائم کرنے کا مقصد طلبہ میں عربیت کو مضبوط کرنے اور انہیں عرب جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لئے تیار کرنے کے ساتھ قرآن و حدیث کا ماہر عالم بنانا اور عربی میں درس اورلکچر دینے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے.
اس ادارہ کی وہ خصوصیت جو اس ادارہ کو دوسرے اداروں سے ممتاز کرتی ہے یہ ہے کہ اس کا آغاز شعبہ فضیلت سے ہواہے، باقی تمام شعبہ جات بعد میں قائم ہوئے ہیں.
اس ادارہ کو عدم سے وجود میں لانے والی ذات کا نام مخدوم العلماء شیخ اعظم حضرت علامہ سید اظہار اشرف اشرفی جیلانی علیہ الرحمہ ہے، جو خانوادہ اشرفیہ کچھوچھہ شریف کا ایک گل سرسبد ہے، آپ نے اس ادارہ کی بنیاد 1978 میں رکھی اور تادم آخر اس کی آبیاری فرماتے رہے اور ارتقاء کے مختلف منازل و مراحل سے گزار کر اسے بام عروج پر پہنچایا، آپ کی وفات کے بعد مارچ 2012 سے یہ ادارہ آپ کے خلف اکبر، و سجادہ نشین حضرت علامہ سید محمود اشرف اشرفی جیلانی کی سربراہی و سرپرستی میں آگیا اور تب سے اب تک اس میں کئی شعبوں کا اضافہ ہوچکا ہے اور تعمیر و تجدید کے لحاظ سے اس کی وسعتوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے.
آخر میں اہل ثروت و مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ ہر سال اپنی زکات و عطیات کے ذریعہ اس ادارہ کو تقویت پہنچائیں اور اسے مضبوط و مستحکم کریں
نوشاد عالم اشرفی جامعی کشنگنجوی استاد جامع اشرف کچھوچھہ شریف.( تحریر کردہ 13 اگست 2023 بروز اتوار قبل مغرب)
0 تبصرے