*جامعہ اشرفیہ مبارک پور میں عرس حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کا انعقاد*
یکم جنوری 2026 مطابق 11 رجب المرجب 1447 کو عزیز المساجد الجامعۃ الاشرفیہ مبارک پور میں اعلی حضرت حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کا عرس مبارک نبیرۂ حضور حافظ ملت حضرت علامہ مولانا محمد نعیم الدین عزیزی استاذ جامعہ اشرفیہ مبارک پور کی سرپرستی میں منعقد ہوا اور سلسلہء اشرفیہ کے عظیم روحانی بزرگ شیخ المشائخ ہم شبیہِ غوث الثقلین اعلی حضرت حضور سید علی حسین اشرفی کچھوچھوی قدس سرہ العزیز کی بارگاہ میں منثور و منظوم خراج عقیدت پیش کیا گیا ٬ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام اللہ سے ہوا جامعہ اشرفیہ کے طالب علم سبطین رضا اور حسان رضا نے نعت و منقبت کے اشعار پیش کیے ٬ نظامت کے فرائض مولانا محمد شمیم مصباحی مبارک پوری نے انجام دیے۔
حضرت مولانا مفتی محمد اعظم مصباحی استاذ جامعہ اشرفیہ مبارک پور نے حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کی حیات مبارکہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی ٬ انھوں نے فرمایا کہ اہل مبارک پور اور جامعہ اشرفیہ مبارک پور پر حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کا بہت بڑا احسان ہے۔اہل مبارک پور کو حضور اشرفی میاں سے اس قدر محبت اور لگاؤ تھا کہ جب بھی آپ مبارک پور تشریف لاتے تو اہل مبارک پور سٹھیاؤں اسٹیشن پر آپ کے استقبال کے لیے جاتے اور پالکی میں آپ کو بٹھا کر مبارک پور لاتے ٬ حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ حضور حافظ ملت علیہ الرحمہ کے مرشد بیعت واجازت بھی تھے ۔
درمیانِ گفتگو حضرت مفتی محمد اعظم مصباحی نے فرمایا کہ مدرسہ مصباح العلوم میں طلبہ کی کثرت اور جگہ کی قلت کا اہل مبارک پور نے جب احساس کیا اور مدرسہ کی توسیع کا ارادہ کیا تو معززین مبارک پور نے باہمی مشورے سے حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کو دارالعلوم اشرفیہ کے سنگ بنیاد کے لیے مدعو کیا آپ مبارک پور تشریف لائے اور چاندی کی کرنی سے مدرسہ اشرفیہ مصباح العلوم کا سنگ بنیاد رکھا٬ مدرسہ کی خشتِ اول رکھتے وقت آپ نے ایک تاریخی جملہ ارشاد فرمایا کہ فقیر نے اپنی کرنی کر دی ہے اب مبارک پور والو کو اپنی کرنی کرنی ہے اور اس مدرسے کی جو ایک اینٹ بھی کھسکائےگا اس کی کئی اینٹنیں کھسک جائیں گی ٬شیخ المشائخ حضور اشرفی میاں کا روحانی و علمی فیضان جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے توسط سے پورے عالم اسلام پر برس رہا ہے اور جامعہ اشرفیہ مبارک پور میں تاجدار سمنان حضور مخدوم اشرف جہانگیر اور ان کے روحانی پوتے حضور اشرفی میاں علیہما الرحمہ کی کئی یادگاریں ہیں خود جامعہ اشرفیہ مبارک پور انھی بزرگوں کے نام سے منسوب ہے اس کے علاوہ ماہنامہ اشرفیہ ،اشرفیہ انٹر کالج، اشرفیہ کامپلیکس، اشرفیہ مارکیٹ، اشرفیہ گلرس کالج، اشرفی دارالمطالعہ ،اشرفیہ ہاسپٹل وغیرہ حضور مخدوم اشرف سمنان اور حضور اشرفی میاں علیہما الرحمہ سے عقیدت و محبت کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔
اس طرح آپ کی زندگی کے اور بھی بہت سے پہلوؤں پر حضرت نے گفتگو فرمائی٬ اخیر میں آپ نے فرمایا کہ حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کے یوم وصال کے موقع پر حضور حافظ ملت علامہ عبدالعزیز محدث مبارک پوری علیہ الرحمہ ہر سال حضور اشرفی میاں علیہ الرحمہ کے ایصال ثواب کا اہتمام تا حیات کرتے رہے۔حافظ ملت کے وصال کے بعد ان کے شہزادے عزیز ملت حضرت علامہ و مولانا عبدالحفیظ دام ظلہ العالی سربراہ اعلی جامعہ اشرفیہ مبارک پور نے ایصال ثواب کا یہ سلسلہ اب تک جاری و ساری رکھاہے۔
پروگرام کے اختتام پر حضور اشرفی میاں کی روح کو ایصال ثواب کیا گیا، ملک و ملت کے لیے امن و سلامتی کےلیے دعا کی گئی۔
اس پروگرام کے انعقاد میں جامعہ اشرفیہ کے نگراں جناب ماسٹر فیاض احمد عزیزی نے اہم کردار نبھایا اور جامعہ اشرفیہ مبارک پور کے طلبہ کے لیے تبرک کا انتظام بھی کیا ۔ پروگرام میں علما اور کثیر طلبہ نےشرکت کی ۔
احمد ریحان
جامعہ اشرفیہ مبارک پور۔

0 تبصرے