جامعہ اشرف المدارس گدیانہ میں عمرہ کا تربیتی کیمپ منعقد ہوا ۔

 جامعہ اشرف المدارس گدیانہ میں عمرہ کا تربیتی کیمپ منعقد ہوا



عازمینِ عمرہ کو پریکٹیکل عمرہ کرنے کا طریقہ اور ضروری مسائل سمجھائے گئے 

 کانپور، 18 اکتوبر: جامعہ اشرف المدارس، گدیانہ، کانپور* ، یوپی میں آج زیرِ سرپرستی حضرت علامہ مولانا محمد ہاشم اشرفی کانپوری صاحب قبلہ، سربراہِ اعلیٰ جامعہ ہٰذا، عمرہ پر روانہ ہونے والے عازمین کی رہنمائی کے لیے ایک خصوصی تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام میں عازمینِ عمرہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،جس میں  گل پوشی کرکے ان کا استقبال کیا گیا۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس کے بعد *حضرت علامہ مولانا محمد ہاشم اشرفی صاحب قبلہ نے مختصر خطاب فرمایا اور عمرہ کرنے کے طریقے اور اس کے ضروری مسائل پر روشنی ڈالی۔* 

اس کے بعد حافظ قاری محمد آزاد اشرفی صاحب نے پریکٹیکل عمرہ کرنے کا مکمل طریقہ سمجھایا۔ انہوں نے احرام باندھنے سے لے کر طواف، سعی اور حلق یا قصر تک ہر مرحلے کی وضاحت کی۔ اس دوران حضرت مولانا محمد ہاشم اشرفی صاحب قبلہ بھی اہم مقامات پر ضروری ہدایات دیتے رہے اور ان غلطیوں کی طرف توجہ دلائی جو عموماً لاعلمی یا غفلت کی وجہ سے عازمین سے ہو جاتی ہیں۔

خاص طور پر احرام، طواف اور نماز سے متعلق ضروری مسائل سمجھائے گئے۔ *حافظ و قاری محمد آزاد اشرفی* صاحب نے اضطباع کے بارے میں بتایا کہ ہر طواف میں اضطباع نہیں کیا جاتا، بلکہ یہ اس طواف میں ہوتا ہے جس کے بعد سعی کی جاتی ہے۔ *اضطباع کا طریقہ* یہ ہے کہ احرام کی چادر دائیں بغل کے نیچے سے نکال کر بائیں کندھے پر ڈال دی جائے، تاکہ دایاں کندھا کھلا رہے۔ طواف مکمل ہونے کے بعد نماز پڑھتے وقت دونوں کندھوں کو ڈھانپ لینا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ عازمین کو عمرہ کے فرائض، واجبات، شرائط، سنتوں اور مستحبات کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ یہ بھی سمجھایا گیا کہ کن امور میں کوتاہی سے عمرہ کی ادائیگی متاثر ہوتی ہے اور کن امور کے ترک سے عمرہ ادا تو ہو جاتا ہے، لیکن اس کے کمال میں کمی رہ جاتی ہے۔

پروگرام کے اختتام پر ہر عازم کو عمرہ کرنے کے طریقے سے متعلق ایک مفید پمفلٹ دیا گیا، جس میں ضروری مسائل اور رہنمائی کو ترتیب وار درج کیا گیا تھا، تاکہ عازمین دورانِ سفر بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

 *اس موقع پر ہمارے ودھایک الحاج حسن رومی صاحب صاحب بھی تشریف لائے اور عمرہ پر روانہ ہونے والے تمام عازمین کو اپنی جانب سے سفید تولیہ بطورِ تحفہ پیش کیا۔* انہوں نے عازمین سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ جامعہ کے طلبہ اور اساتذۂ کرام نے بھی عازمین سے ملاقات کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


الحمدللہ! یہ تربیتی کیمپ نہایت مفید اور کامیاب رہا۔ شرکا نے پروگرام کو سراہا اور اس رہنمائی پر اطمینان کا اظہار کیا۔* امید ہے کہ اس تربیت سے عازمین کو عمرہ صحیح طریقے سے ادا کرنے اور عام غلطیوں سے بچنے میں مدد ملے گی۔

 *اللہ تعالیٰ تمام عازمینِ عمرہ کا سفر آسان فرمائے اور ان کے عمرہ کو قبول فرمائے۔ سربراہِ اعلیٰ جامعہ ہٰذا کا سایہ تادیر قائم رکھے اور دینِ متین کی مزید خدمت کی توفیق عطا فرمائے* ۔ آئندہ منعقد ہونے والے تربیتی حج وعمرہ کیمپ کو کامیاب فرمائے، جس میں پریکٹیکل طور پر حج کرنا سکھایا جائے گا، اور تمام مسلمانوں کو عزت، رفعت اور کامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے