سیمانچل میں جینا مرنا
اِدھر چند سالوں سے یہ باتیں بہت قریب سے دیکھنے کو مل رہی ہیں کہ پیدائش، ختنہ، شادی، حتی کہ موت بھی مہنگی ہوتی جارہی ہے ۔ کسی گھر میں بچے کی پیدائش ہو تو کئی طرح کے رسوم کی ادائیگی لازمی قرار دی جارہی ہے۔
زندگی آگے بڑھتی ہے اور ختنہ کا وقت آتا ہے تو اس میں بھی کثیر اخراجات کی لسٹ سامنے آجاتی ہے، جہاں معمولی رقم سے یہ سنت بحسن و خوبی انجام پاسکتی ہے، اس کے لیے بھی ایک خطیر رقم یک مشت اڑا دی جاتی ہے ۔ مقصود کیا ہے، یہ بتانے کی چنداں ضرورت نہیں ۔
آگے بڑھیے ۔
زندگی کی گاڑی آگے بڑھتی ہے تو اب حیات کہنہ سے نکل کر حیات نو کا آغاز ہوا چاہتا ہے اور شادی کی بات چیت شروع ہوتی بھی نہیں کہ اخراجات کے نئے نئے دروازے کھلنے لگتے ہیں ۔ ایک رشتہ جوڑنے میں ہی اچھی خاصی رقم صرف ہو جاتی ہے جبکہ اصل مرحلہ ابھی تشنہ تکمیل ہی رہتی ہے ۔ طرفین سے لڑکا اور لڑکی دیکھنے کا رواج، چھیکا چھیکی، پان کھوکی، (منگنی)۔ مہمان کی کثرت سے آمد و رفت، پھر شادی کے موقع پر بے تحاشا خرچ، مثلاً: دولہا دلہن کے علاوہ گھر و قریبی رشتہ دار کے ہر فرد کے لیے مکمل لباس، ہلدی رسم، مہندی رسم، پھر بھاری تعداد کا بارات میں جانا، گاڑی وسواری کا انتظام، باراتیوں کے ناز و نخرے، الگ الگ پھوٹانی اور شکایات، آتش بازیاں، مہنگا ولیمہ، بیش قیمت جہیز کے مطالبات، شادی کے بعد بھی آنے جانے والے مہمانوں کو کپڑا پہنانے کی رسم ۔ الغرض کوئی بھی نقل و حمل، حرکت و سکون، رسم و رواج پیسہ سے خالی نہیں ۔
پھر جب انسان زندگی کی آخری سانس لیتا ہے تو ایسا لگتا ہے کہ غربت و افلاس کے مارے کا مرنا گناہ بنتا جارہا ہے ۔ ابھی لاش گھر کے صحن میں ہی پڑی ہے مگر کھانے پینے کی فکر لگ جاتی، ایسا لگتا ہے کہ جیسے کسی کے مرنے کا انتظار تھا ۔ گوشت، بھات، مکس ویج، پنیر فرائی، پال پٹی، کرسی ٹیبل، منڈپ،ڈائینگ ہال، کیٹر ویٹر سب چیز کا انتظام ہوتا ہے ۔ بتائیے یہ موت ، خوشی و مسرت کا سامان فراہم کرتی ہے یا غم و اندوہ کا سبب ہے ۔ مذکورہ انتظامات غمی میں ہوتے ہیں یا خوشی میں؟ ۔۔۔۔۔۔۔۔
اسی لیے کہنا پڑتا ہے کہ سیمانچل میں جینا اور مرنا بہت مہنگا ہوتا جا رہا ہے ۔ اسی لیے ہر سیمانچلی پر لازم ہے کہ وہ بعد مرگ، ہونے والے اخراجات کا انتظام کرکے مرے ۔ ۔۔۔۔۔
قارئین کرام ۔ ان بیجا اور غیر شرعی اخراجات کا اثر پورے سماج پر پڑتا ہے ۔ اس سے معاشرے میں نئی نئی برائیاں جنم لیتی ہیں ۔
مذکورہ بالا مراحل کو سہولت اور کم خرچ میں بھی کیا جا سکتا ہے ۔ مثلاً
بچے کی ولادت ہوئی، کچھ مٹھائیاں منگوائی نیاز دلایا اور احباب میں تقسیم کردیا، حسب استطاعت عقیقہ کروادی، ختنہ کے لیے ڈاکٹر کے پاس گئے اور ختنہ کراکر لے آئے،
شادی کے موقع پر غلط اور غیر شرعی رسم و رواج کو بند کریں، لڑکی کو شریعت نے چپکے سے دیکھنے کی اجازت دی ہے کہ اس کو معلوم نہ ہو کہ اسے کوئی شادی کے لیے پسند کرنے آیا ہے،
جانبین سے پسند ہوجانے کے بعد ایک تاریخ مقرر کریں جس میں نکاح ہو،
لڑکے والے کم سے کم افراد بارات میں جائیں اور وہاں چائے ناشتہ پر اکتفا کریں۔
لڑکی سے وکیل یا قاضی اجازت لے کر مسجد میں مجلس نکاح قائم کریں۔
پھر دلہن لے کر واپس ہوجائیں، ساتھ میں جو درجنوں دیگ میں مختلف قسم کے پکوان دیئے جاتیں یہ بیجا ہے اسے بند کریں، بلکہ لڑکے والے اپنے ساتھ نہ لے آئیں ۔
ولیمہ مختصر کریں ۔ جس میں امراء ہی مدعو نہ ہوں بلکہ غربا کو بھی دعوت پیش کریں ۔
جہیز کا ڈیمانڈ بند کریں ۔ تاکہ غریب بچیوں کی بھی وقت پر شادی ہو جائے اور وہ خاندان و سماج کی عزت و احترام کو پامال نہ کریں ۔ بسا اوقات ایسی لڑکیاں ایمان سے خارج ہو جاتی ہیں اور ارتداد کا شکار ہو جاتی ہیں ۔
کپڑے لتے کا رواج بند کریں ۔ ضرورت بھر کپڑے لیں ۔
فوتگی میں کھانے پینے کا انتظام و انصرام بند کریں کہ یہ ناجائز و حرام ہے ۔ اور تدفین میں آنے والے کو بھی چاہیے کہ وہ تدفین کے بعد اپنے گھروں کو واپس ہوجائیں ۔ آپ اس دن مہمان نہیں ہیں ۔ اس گھر میں ماتم بچھی ہے اور آپ کو اپنی ضیافت کی پڑی ہے ۔ ۔۔۔ قبرستان میں جو کھانے پینے کا اعلان کیا جاتا ہے یہ بھی ناجائز ہے ۔
کوئی یہ نہ کہے ہے اس دن میت کے یہاں کوئی انتظام نہیں ہوتا ہے ۔ اگر مان بھی لیں تو یہ انتظام آخر میت کی وجہ سے ہوا ہے یا نہیں ۔ لیکن یہ بھی تو ثابت ہے نہ کہ آج خاندان کے دوسرے لوگ انتظام کررہے ہیں ۔کل دوسرے کے میت ہوگی تو اسی خاندان کے دوسرے لوگ انتظام کرتے ہیں ۔ کیا یہ ادلا بدلی نہیں ہے؟ گویا اہل میت اس انتظام کا مقروض ہوا اور کل آپ کی میت پر وہ قرض اتارے گا ۔
معلوم ہوا کہ کھانے پینے کا اگر انتظام نہ کیا جائے تو لوگ شکایت کرتے ہیں، طعن و تشنیع کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ یعنی جتنے منہ اتنی باتیں ۔
میں کہتا ہوں کہ اگر کوئی شکایت کرتا ہے تو کرے، طعن و تشنیع کرتا ہے تو خوب کرے اور کرنے دیجئے ۔ آپ کو ٹینشن نہیں لینا ہے کیونکہ آپ نے غلط نہیں کیا ہے، شریعت پر عمل کیا، اگر شریعت پر عمل کی وجہ سے زبانی طعن و تشنیع سننا پڑے تو یہ کار ثواب ہے کہ آپ نے ایک شرعی مسئلہ کا احیاء فرمایا ہے ۔
خیر ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی اس فانی زندگی کو مہنگی نہ بنائیں ۔
محمد نذرالباری جامعی پورنوی
16نومبر 2026

0 تبصرے