محنت کی عظمت
(The Dignity of labour)
قارئین کرام جو لوگ محنت کرتے ہیں وہ ضرور کامیاب ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ بھی ان لوگوں کو پسند کرتا ہے جو محنت کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ایسے لوگوں کی دُعا کو بھی سنتا ہے اور انہیں کامیابی دیتا ہے۔ ہمارے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ہمیں محنت کرنے کی تلقین فرمائی ہے۔ محنت کر کے جو کام کیا جاتا ہے اس میں اللہ تعالیٰ کی مدد شامل ہوتی ہے۔ وہ کام ضائع نہیں ہوتا بلکہ اس سے فائدہ ضرور ملتا ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اپنے کام خود کرتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا پھٹا ہوا جوتا خود سیتے تھے، کپڑے خود ٹھیک کرتے تھے ۔ یہاں تک کہ گھر کی صفائی بھی خود کرتے تھے۔ جنگ کے دوران اپنے دوستوں (صحابہ) کے ساتھ مل کر کام کیا کرتے تھے۔ ہمیں بھی اپنے کام خود کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ ہر کام کے لیے اپنے والدین کو نہیں بلانا چاہیے۔ ہمیں کپڑے اور جوتا خود پہننا چاہیے۔ اپنا بیگ اور دوسری چیزیں خود ترتیب سے رکھنی چاہئیں۔ صبح اٹھ کر خود سکول جانے کی تیاری کرنی چاہیے۔ سکول سے واپس آکر خود کپڑے تبدیل کر کے ہاتھ منہ دھوکر کھانا کھانا چاہیے۔ اس طرح ہمارے والدین بھی ہم سے خوش ہوں گے اور اللہ تعالیٰ بھی۔ اپنے کام خود کرنے سے ہم زندگی میں ایک کامیاب انسان بن جائیں۔ ایک بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ دنیا میں تمام لوگوں نے محنت کی وجہ سے اپنا مقام پیدا کیا ہے۔محنت کا پھل ہمیشہ میٹھا ہوتا ہے۔
0 تبصرے