Header New Widget

سیر چمن صدر الافاضل

 سیر چمن صدر الافاضل 


٢٠١٢ء سے علوم و فنون کا گہوارہ مرکز اہل سنت وجماعت " جامعہ نعیمیہ" بانی صدر الافاضل فخر الاماثل سید المفسرین سند المحدثین امام المحققین سید شاہ نعیم الدین مرادآبادی علیہ رحمۃ الباری ، میں بسلسلہ سالانہ امتحان بحیثیت ممتحن حاضری کا شرف حاصل ہوتا رہا ہے - درمیان میں دو سال کرونا وائرس کی وجہ سے شرکت سے مانع رہا - امسال دعوت خلوص پہنچی اور ١١ فروری ٢٠٢٣ء بروز سنیچر پھر سیر چمن صدر الافاضل کا سنہرہ موقع میسر آیا - رات ساڑھے تین بجے مراد آباد اسٹیشن پہنچا ، فضیلت کے دو طالب علم عزیز القدر ابو الکلام و محمد عمران دیناجپوریاں بحکم مفتی صاحب قبلہ و فاضل نوجوان مولانا باقر علی راجستھانی پلیٹ فارم پر پہلے سے ہی موجود تھے ، ان کے ہمراہ جامعہ پہنچا - بعد نماز فجر حضرت صدر الافاضل علیہ الرحمہ کے مزار پر انوار پر حاضر ہوا ، فاتحہ و دعا خوانی میں روحانی لذت حاصل ہوئی  ، یہ وہ ذات مقدس تھی کہ بریلی و کچھوچھہ دونوں سے ان کا روحانی رشتہ مضبوط و مستحکم تھا وہ سب کے منظور نظر و مقبول بارگاہ تھے اور ان کے نزدیک سب مکرم و محترم اور معظم تھے -  ناشتہ سے فارغ ہونے کے بعد   جب امتحان گاہ کی طرف چلا تو دیکھا کہ نمونہ اسلاف حضرت علامہ مفتی ایوب صاحب قبلہ اپنی درسگاہ میں جلوہ افروز ہیں - سلام و دست بوسی کا شرف حاصل ہوا - آپ علم و فضل،  تدریس و تحقیق، تقوی و ورع میں نمونہ اسلاف ہیں  ، تقریباً چونسٹھ سال سے مسلسل گلشن صدر الافاضل کی آبیاری میں ہمہ تن مصروف ہیں ، تقریباً نوے سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں اس ضعیف العمری اور ضعف و نقاہت کے باوجود ہر کام پابندی کے ساتھ انجام دے رہے ہیں ، ہر فرزندان نعیمی کا یہی حال ہے ان کا ایثار و جذبہ جانثار بے مثال ہے - اللہ عزوجل حضرت مفتی صاحب قبلہ کو صحت و تندرستی کے ساتھ سلامت رکھے اور اہل سنت پر ان کا سایہ دراز فرمائے آمین - مفتی صاحب قبلہ کی ڈھیر ساری دعائیں لیکر امتحان گاہ پہنچا ، سامنے ڈیسک پر جلی حرفوں میں لکھا تھا " علامہ صاحب " اس پر نظر پڑتے ہی جامعہ نعیمیہ کے فرزند عظیم علم و فن کے کوہ گراں  گلشن نعیمی کے گل خنداں  پروفیسر معقولات حضرت علامہ ہاشم نعیمی علیہ الرحمہ کی طرف ذہن مبذول ہوگیا ، تھوڑی دیر کے لیے جسم ساکت و جامد ہوگیا ، آنکھیں نم ہوگئیں اور دل سے دعا نکلی کہ رب عزوجل حضرت صدر الافاضل علیہ الرحمہ کے صدقے علامہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور جامعہ کو اس کا نعم البدل دے - دوسرے روز  منظر اسلام بریلی شریف کے صدر المدرسین حضرت علامہ محمد عاقل رضوی صاحب تشریف لائے اور حسب سابق نہایت گرمجوشی کے ساتھ سلام و مصافحہ و معانقہ ہوا ، علامہ صاحب بہت با اخلاق اور نیک دل انسان ہیں جب بھی ملاقات ہوئی خندہ پیشانی سے پیش آ ۓ ، اللہ عزوجل ایسے بزرگوں کا سایہ دراز فرمائے - 

جامعہ کے تمام اساتذہ و طلبہ و ارکان خوش اخلاقی ، رحم دلی ، غم گساری ، عاجزی و انکساری ، ذرہ نوازی اور مہمان نوازی میں اپنی مثال آپ اور پرتو صدر الافاضل ہیں - ان کے خمیر و ضمیر میں صدر الافاضل کے اخلاق حسنہ ، اوصاف کمالیہ سمو دیا گیا ہے ، اللہ عزوجل سب کے اقبال میں بلندی عطا فرمائے اور ان کو ، ہم کو اور سب کو حضرت صدرِ الافاضل کے فیوض و برکات سے مالامال فرمائے آمین

 

علامہ عبدالخالق اشرفی جامعی صاحب صدر المدرسین جامع اشرف کچھوچھہ مقدسہ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے