Header New Widget

موت اس کی ہے کرے جس پہ زمانہ افسوس

 *موت اس کی ہے کرے جس پہ زمانہ افسوس*



7 ستمبر 2023 بروز جمعرات بعد نماز ظہر سوشل میڈیا کے ذریعہ یہ غم انگیز خبر موصول ہوئی کہ جامع اشرف کے نامور فاضل ، جماعت اہل سنت کے ممتاز عالم دین ،استاذ محترم ،رئیس الفقہا حضرت علامہ مفتی شہاب الدین اشرفی جامعی علیہ الرحمہ (سابق شیخ الحدیث و صدر مفتی جامعہ اشرف کچھوچھہ مقدسہ) طویل علالت کے بعد قضائے الہی سے انتقال کر گئے۔ اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَؕ۔

یہ خبر سن کر دل مضمحل ہو گیا آنکھوں سے آنسوؤں کے دھارے جاری ہوگئے بار بار آپ کا روے مبارک نظروں میں گردش کرنے لگا کسی سے کلام کرنے کی سکت باقی نہیں رہی آپکی تدریس کا وہ نرالا انداز، لا ثانی تفہیم، وہ انداز تکلم آہ ۔۔۔۔۔۔آہ۔۔۔۔۔آہ بار بار آنکھوں سے آنسوں جاری ہونے لگتے۔(فقیر اشرفی کو حضور والا سے فضیلت میں ہدایہ اور تخصص میں الاشباہ والنظائر پڑھنے کا شرف حاصل ہے)

جانے والے تو بہت گئے پر یہ حالت پہلی مرتبہ طاری ہوئی ۔


آپ کی وفات ایک عظیم ملی خسارہ ہے جس کی تلافی نہیں ہو سکتی اور ایک گہرا علمی خلا ہے جسے پر نہیں کیا جا سکتا۔ آپ کی رحلت ایک عہد زریں کا خاتمہ ہے۔ آپ کے خلوص ، جذبہ ایثار و ہمدردی ، بڑوں کی عزت اور چھوٹوں پر شفقت کا وصف قابل تقلید تھا ۔ آپ ایک متبحر ، خلیق و ملنسار ، اصاغر نواز ، علم دوست اور مطالعہ کے شوقین عالم دین تھے ۔ آپ مشکل سے مشکل ترین کتابیں اس سہل اور عام فہم انداز میں پڑھاتے کہ کتاب کا مضمون طلبہ کے دلوں پر نقش ہو جاتا اور آپ کی بافیض درس گاہ علمائے سمرقند و بخارا کی یاد دلاتی تھی ۔ آپ کے سانحہ ارتحال سے تمام دینی و علمی حلقوں میں شدید صدمہ محسوس کیا گیا ۔ آپ کی ظاہری زندگی کا چراغ اگرچہ گل ہو گیا مگر آپ کی عقیدتوں کا چراغ اہل علم کے محراب دل میں ہمیشہ روشن رہے گا اور آپ کی دینی خدمات کے سبب تاریخ آپ کو ہمیشہ یاد رکھے گی ۔


اس اندوہ ناک موقع پر میں جامعہ علی حسن اہل سنت کے معزز ارکان اور مؤقر اساتذہ کی جانب سے آپ کے تمام اہل خانہ اور قرابت داروں کی خدمات میں تعزیتی کلمات پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ رب ستار و غفار حضور رئیس الفقھا علیہ الرحمہ کو جوار رحمت میں جگہ عنایت فرمائے اور آپ کے محبین و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے ، آمین بجاہ حبیبہ سید المرسلین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ و اصحابہ وسلّم ۔


شریکِ غم:

محمد محبوب عالم جامعی اشرفی

شیخ الحدیث و صدر مفتی جامعہ علی حسن اہل سنت اترولہ ، بلرام پور ، یوپی ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے