کعبۂ علم سے بلد حبیب کی طرف
دبستان علم و فن -جامعۃ الأزہر الشریف- کی طرف ہر سال تشنگان علوم نبویہ اپنی پیاس بجھانے کے لیے رخت سفر باندھتے ہیں، اور کوكبة من علماء الأزهر الشريف سے فیضیاب ہوکر، بحر علم میں بہرہ ور ہوکر، سفراء ازہر شریف کا تاج زریں پہن کر، فیضان مصطفوی کی آفاقیت کے امیں بن کر اپنے بلد حبیب کی طرف لوٹتے ہیں۔
انھیں میں سے برادر کبیر حضرت مولانا مفتی زین العابدین اشرفی ضیائی ازہری - حفظه الله- بھی ہیں۔
مفتی صاحب قبلہ بڑے ہی خلیق، ملنسار، کشادہ قلب، خندہ رو، خوش مزاج، خوش اخلاق، خوش وضع، خوش طبع، تجربہ کار، ذہین، فطین، شگفتہ اور شائستہ شخصیت کے حامل ہیں۔ آپ اپنے انھیں اوصاف کی بنا پر ہر کسی کو متاثر اور اپنا گرویدہ بنالیتے ہیں، اور جہاں بھی جاتے ہیں ایک مقبول، ہر دلعزیز شخصیت کی حیثیت سے اپنی پہچان قائم کرلیتے ہیں۔
مفتی صاحب قبلہ تحصیل علم کے لیے غالبا 13 فروری 2019 کو مصر تشریف لائے اور آج 1 نومبر 2023 کو ثلة من علماء الأزهر سے خوشہ چینی کرکے اپنے بلد حبیب کی طرف لوٹ گئے۔
مفتی صاحب قبلہ ایک باصلاحیت، ذی استعداد عالم دین ہیں، خاص بات یہ ہے کہ جو انہوں نے مطالعہ کیا ہے وہ مستحضر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے غضب کا ذہن عطا فرمایا ہے۔ اور ساتھ ساتھ اپنے علم پر عمل پیرا ہیں، فقیر کے مشاہدہ کے مطابق نماز ہمیشہ باجماعت ادا کرتے ہیں۔
قیام مصر کے دوران تقریباً دیڑھ سال ہمارا ساتھ رہا، اور ان ایام میں مفتی صاحب قبلہ ایک بڑے بھائی کی حیثیت سے رہے، ہمیشہ آپ کی جانب سے فقیر کو بھلائی پہونچی، فقیر کی جانب سے کبھی کبھی تلخی ہوجاتی تھی؛ لیکن آپ ہمیشہ مسامحت، عفو و درگزر، رواداری، بردباری سے کام لیتے تھے۔ (اور مزاحا فرماتے تھے: سیدھا آدمی پاکر بھاؤ جما رہے ہو) فقیر کو ہمہ وقت تحصیل علم کے لیے ترغیب اور ضیاع وقت کے لیے ترہیب دلاتے تھے، اور بارہاں فرماتے تھے: کہ ابھی وقت ہے خوب مطالعہ کیجیے، پھر یہ وقت ہاتھ نہیں آئے گا۔
جانے والے تو ہمیں بہت یاد آئے گا!
آپ کے جانے سے تمام احباب محزون، مغموم ہیں، لیکن فقیر داغ فراق سے زیادہ مضمحل گیا ہے؛ اس لیے کہ آپ کے ہمراہی سے ملنے والی وہ شفقتیں، محبتیں کہاں ملیں گی۔ ویسے تو بہت سارے احباب مصر میں ہیں، لیکن آپ کی کمی کا احساس ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ خوشی بھی اس بات کی ہے کہ آپ منہج اعتدال، پیغام وسطیت کو ساتھ لے جارہے ہیں جس کے ذریعہ تشدد، تعصب اپنے اختتام کو پہونچے گا، مسدود راہیں ہموار ہونگی، اور ایک جہان آپ سے استفادہ کرے گا۔
دعا ہے کہ پروردگا عالم اپنے حبیب ﷺ کے صدقے ہر مقام پر کامیابی، کامرانی سے سرفراز فرمائے۔
خاکپائے حضور فخر المشائخ
ریحان أشرف أشرفی
مقیم حال جامعہ ازہر قاہرہ، مصر۔
0 تبصرے