#الجامعۃ_الاشرفیہ: ایک آزمائش اور ایک پیغام
#الیاس_اشرفی_جامعی
مدرس: الجامعۃ الچشتیہ، میران پور، کٹرہ، شاہجہاں پور
مدارسِ اسلامیہ اللہ ربّ العزت کی وہ عظیم نعمت ہیں جن کے ذریعے صدیوں سے دینِ اسلام کی حفاظت، اشاعت اور فکری بقا کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ ادارے محض درسگاہیں نہیں بلکہ دین کے وہ مضبوط قلعے ہیں جنہوں نے ہر دور کے فتنوں، فکری یلغار اور اخلاقی انحطاط کے مقابل حق کی شمع کو روشن رکھا ہے۔
انہی مدارس سے وہ علماء تیار ہوتے ہیں جو مستقبل کے دینی محافظ ہوتے ہیں۔ مسجد کا منبر ہو یا مدرسے کی مسند، معاشرتی رہنمائی ہو یا فکری اصلاح، ہر محاذ پر یہی حضرات امت کی قیادت کا فریضہ انجام دیتے ہیں۔ اس لیے مدارس کی مضبوطی دراصل دین اور ملت کی مضبوطی ہے۔
موجودہ دور میں بہت سے مدارس کو حاصل سرکاری شناخت ایک طرف اداروں کے نظم و نسق اور بقا میں مددگار ہے، تو دوسری طرف علما کے لیـے معاشی اور قانونی سہولت کا ذریعہ بھی ہے۔ یہ شناخت اگرچہ فائدہ مند ہے، مگر اس کے ساتھ احتیاط اور قانونی تقاضوں کی مکمل پابندی ناگزیر ہو جاتی ہے، کیوں کہ معمولی غفلت بھی بڑے بحران کا سبب بن سکتی ہے۔
حالیہ دنوں میں مدرسہ اشرفیہ مصباح العلوم میں عالیہ سطح کی منظوری کا معطل قرار دیا جانا محض ایک ادارے کا مسئلہ نہیں بلکہ تمام نظامِ مدرسہ کے لیے ایک سنجیدہ لمحۂ فکر ہے۔ یہ واقعہ تمام مدارس کو متنبہ کرتا ہے کہ وہ اپنے انتظامی، مالی اور سرکاری ریکارڈ کا ازسرِ نو جائزہ لیں اور کسی بھی کمزوری کو فوراً دور کریں۔ آج کی معمولی لاپرواہی کل کسی بڑے نقصان میں بدل سکتی ہے۔
اسی کے ساتھ یہ بھی حقیقت ہے کہ ایسے مواقع پر خاموشی یا لاتعلقی دانش مندی نہیں۔ علما، دینی تنظیموں اور مدارس کو چاہیے کہ وہ مدرسہ اشرفیہ مصباح العلوم کے ساتھ کھڑے ہوں اور جو بھی قانونی، مشاورتی یا اخلاقی مدد ممکن ہو، وہ فراہم کریں۔ اداروں کی اجتماعی کمزوری بالآخر پوری ملت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
خصوصاً ہندوستان کی موجودہ سنگین صورتحال میں جب کہ دینی ادارے کڑی جانچ کے دائرے میں ہیں۔ مدارس پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے: ایک طرف تعلیمی و دینی خدمات کا تسلسل اور دوسری طرف تمام سرکاری دستاویزات، منظوریوں اور قانونی معاملات کو مستحکم رکھنا۔ یہی ہوشیاری دینی قلعوں کو محفوظ رکھ سکتی ہے۔
آخر میں دل سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے مدارس کی حفاظت فرمائے، انہیں فتنوں اور آزمائشوں سے محفوظ رکھے، مدرسہ اشرفیہ مصباح العلوم کے مسائل کو خیر و عافیت کے ساتھ حل فرمائے، اور ہمیں اتحاد اور باہمی تعاون کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

0 تبصرے