نیپال کے شہر پوکھارا میں طیارہ گر کر تباہ، اب تک 40 لاشیں مل گئیں۔
نیپالی فوج کے ترجمان رتی کرشنا پرساد بھنڈاری نے بتایا کہ جائے حادثہ سے اب تک 40 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ "طیارہ پوکھرا ایئرپورٹ سے ڈیڑھ کلومیٹر دور سیٹی ندی کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ 120 رینجرز اور تقریباً 180 جوان امدادی کاموں کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ طیارے میں آگ لگ گئی، جسے بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔"
طیارے نے کھٹمنڈو سے صبح 10.32 بجے اڑان بھری۔ طیارہ لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔
نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان جگن ناتھ نرولا نے بتایا کہ مسافروں میں نیپال کے 53 اور ہندوستان کے پانچ افراد شامل تھے۔
ان کے علاوہ روس سے چار، کوریا سے دو اور آئرلینڈ، ارجنٹائن، آسٹریلیا اور فرانس سے ایک ایک مسافر سوار تھا۔
نرولا نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں، ریسکیو کا کام تیزی سے جاری ہے۔
جہاز میں 68 مسافر اور عملے کے 4 ارکان سوار تھے۔
اس سے قبل خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے کہا تھا کہ پوکھرا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک 72 سیٹوں والا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس کے بعد ہوائی اڈے کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔
ایجنسی نے کھٹمنڈو پوسٹ کے حوالے سے بتایا کہ طیارے میں کل 68 مسافر اور عملے کے چار ارکان سوار تھے۔ یٹی ایئر لائنز کا یہ طیارہ پرانے ہوائی اڈے اور پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے درمیان گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
پوکھرا بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ طیارے کو اترنے میں صرف 10 سے 20 سیکنڈ باقی تھے۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا، "حادثے کے بعد نئے بین الاقوامی ہوائی اڈے اور پرانے ڈومیسٹک ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا ہے۔ یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کب تک ہوائی اڈے پر معمول کا کام بحال ہو جائے گا۔"
0 تبصرے