Header New Widget

ذات پر مبنی مردم شماری اور ہماری ذمہ داریاں

 ذات پر مبنی مردم شماری  اور ہماری ذمہ داریاں

    میرا مطالعہ 

 ذات پر مبنی مردم شماری کی اہمیتِ  بہت زیادہ ہے۔ اسی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے حکومت بہار نے اعلان کیا تھا کہ بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی،اسی پر عملی اقدام کرتے ہوئے حکومت بہار میں ذات پر مبنی مردم شماری کا کام شروع کر دیا گیا ہے،اس کے لئے مردم شماری کرنے والے حضرات کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔یہ کام دو مرحلہ میں مکمل کیا جائے گا۔پہلے مرحلہ میں  عمارت/مکان شماری کا کام کیا جائے گا۔اس میں مردم شماری کرنے والے سرکاری عملے ہر عمارت/مکان پر جائیں گے اور اس پر نمبر دیں گے اور رجسٹر پر خانہ پری کریں گے۔جبکہ دوسرے مرحلہ میں مکان پر دیئے گئے نمبر  کے مطابق مردم شماری کا کام کیا جائے گا۔اس کا پہلا مرحلہ عمارت/مکان شماری کا کام 07-جنوری 2023 سے 21/ جنوری 2023 تک  ہوگا۔اس مرحلہ میں مکان شماری کرنے والے سرکاری عملے عمارت/مکان پر جا کر اس  میں رہنے والے لوگوں سے معلومات حاصل کریں گے۔پھر اس پر نمبر لکھیں گے۔جبکہ خبر کے مطابق اس کا دوسرا مرحلہ یعنی مردم شماری کا کام  1/اپریل  2023 سے 21/ اپریل 2023  تک ہوگا۔

           عمارت/مکان شماری کا کام بہت ہی اہم ہے۔

اس لئے عمارت/مکان میں رہنے والے گارجین کی ذمہ داری ہے کہ عمارت/مکان شماری کرنے والے کو صحیح اطلاع دیں اور مکان پر نمبرنگ اور رجسٹر میں خانہ پری کرائیں۔عمارت/مکان شماری کا طریقہ مثال کے ذریعہ سمجھئیے کہ اگر ایک مکان میں ایک فیمیلی کے لوگ رہتے ہیں،تو اس پر نمبر 1 لکھا جائے گا،اگر  عمارت/مکان میں 3 کمرے ہیں اور  3 فیمیلی کے لوگ رہتے ہیں،تو مکان پر  1_3 لکھا جائے گا،اسی طرح دوسرے مکان میں ایک فیمیلی ہے تو نمبر لکھا جائے گا۔ 2_1, اگر 3 فیمیلی ہے تو لکھا جائے گا 2_ 3 , یا   2__6 ، چونکہ مکان نمبر 1 میں 3 نمبر تک آچکا ہے۔ اس لئے مکان نمبر  2 میں  2_6 ہوگا۔اسی طرح اگر شہر میں کئی منزلہ عمارت/مکان ہے۔اور ہر ایک میں الگ الگ فیمیلی کے لوگ رہتے ہیں،تو نمبرنگ اسی طرح کی جائے گی مثلاً مکان 3 منزلہ ہے اور 3 فیمیلی کے لوگ رہتے ہیں تو عمارت / مکان پر نمبر 1_ 3 لکھا جائے گا۔اس کا مطلب یہ ھوا کہ اس میں 3 فیمیلی کے لوگ رہتے  ہیں۔اسی کے حساب سے مردم شماری کا کام ہوگا۔ اگر مکان میں چند کمرے ہیں اور چند فیمیلی کے لوگ ہیں۔اس پر نمبر 1 لکھ دیا گیا ،تو  اس کا خطرہ ہے کہ مردم شماری کے وقت صرف ایک فیمیلی کے لوگوں کا نام شمار کیا جائے گا۔اس لئے ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ پہلے مرحلہ میں  عمارت / مکان شماری کا کام صحیح انداز پر کرائیں،مکان شماری کرنے والے کی مدد کریں تاکہ وہ صحیح کام کر سکیں،مکان شماری میں غلطی کی وجہ سے  آئندہ مردم شماری میں دشواری  ہوسکتی ہے۔

عمارت/ مکان شماری کا کام اہم ہے،اس موقع پر رجسٹر میں خانہ پری بھی کی جائے گی۔ 

         اس سلسلہ میں یہ وضاحت ضروری ہے کہ یہ ایک رہنمائی ہے۔انداز مختلف ہوسکتا ہے۔اصل مقصد یہ ہے کہ کوئی عمارت/ مکان نمبرنگ اور خانہ پری میں چھوٹنے نہ  پائے۔

اس سلسلہ میں سماجی کارکنوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے گاؤں،محلہ اور اپنے علاقے میں بیداری پیدا کریں۔عمارت / مکان شماری کرنے والے حضرات کا تعاون کریں،مکان میں رہنے والے لوگوں کو بھی بتائیں کہ وہ عمارت/مکان شماری کرنے والے حضرات کا پورا تعاون کریں،تاکہ یہ مرحلہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوسکے۔

          عمارت/ مکان شماری کے موقع پر چند باتیں خاص طور پر دھیان میں رکھیں۔

(1) ہمیں یہ خبر رکھنی چاہئے کہ عمارت / مکان شماری والے سرکاری عملے کس دن ہمارے مکان شماری  کے لئے آئیں گے۔

(2) اپنی عمارت،مکان اور فیمیلی کی خانہ پری ضرور کرائیں،کیونکہ اگلے مرحلہ کی مردم شماری اسی کی بنیاد پر کی جائے گی،اگر آپ چھوٹ گئے تو بڑی دشواری ہو سکتی ہے۔ 

(3) خانہ پری کا کام خود سے کرائیں۔

(4) ہمارے صوبہ میں لوگ مشترکہ خاندان میں  بھی  رہتے ہیں۔اس لئے فیمیلی کی خانہ پری میں توجہ سے کام لیں،جانکار لوگوں سے مدد حاصل کریں اور ان کے رابطہ میں رہیں۔

(5) فیمیلی کے ممبران کی تعداد صحیح لکھوائیں،کیونکہ اسی کی بنیاد پر آئندہ مردم شماری ہوگی۔ 

(6) فیمیلی کے گارجین/سرپرست کا وہی نام لکھوائیں جو آدھار کارڈ میں ہو اور سرکاری عملے کو اسی کو دیکھ کر لکھنے کو کہیں۔

(7) اس کام میں ایک دوسرے کی مدد کریں۔لیکن کسی دوسرے کی خانہ پری کوئی دوسرا نہ کروائے۔

           یہ پہلے مرحلہ کے سلسلہ میں رہنمائی ہے۔ دوسرے مرحلہ کے سلسلہ میں وقت پر رہنمائی کی جائے گی۔ان شاء اللہ 


 مولانا ڈاکٹر ابوالکلام قاسمی شمسی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے